اسکاٹ لینڈ میں مردم شماری فارم بھرنے سے انکار کرنے والوں کے خلاف مقدمات

January 26, 2023

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ میں گزشتہ سال مارچ میں ہونےوالی مردم شماری میں فارم بھرنے سے انکار کرنے والے سات افراد کے مقدمات پراسیکیوشن سروس کے حوالے کر دیئے گئے جن کو اب عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے جو لوگ مردم شماری فارم مکمل نہیں کرتے یا اس میں حصہ نہیں لیتے ان کو ایک ہزار پونڈ تک جرمانہ کیا جاسکتاہے، برطانیہ میں 1801کے بعد سے ہر 10سال بعدمردم شماری ہوتی ہے، 2021 میں انگلینڈ اور ویلز نے تو اپنی مردم شماری مکمل کرلی جب کہ اسکاٹش حکومت نے کورونا کے باعث اس کو ایک سال کیلئے موخر کر دیا تھا، مارچ 2022میں ہونے والی اس مردم شماری میں 27لاکھ گھرانوں کو فارم بھیجے گئے تھے اور ان کو آن لائن یا کاغذی فارم بھرنے کو کہا گیا تھا ابتدائی طور پر 79فیصد گھرانوں نے فارم بھر کر واپس کئے جس پر اسکیم میں مزید 6ملین پونڈ کی لاگت سے ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی تھی جس کےبعد89فیصد واپس آئے لیکن یہ بھی ہدف 90فیصد سے کم تھا، اس کے برعکس انگلینڈ اور ویلز میں سروے کی شرح 97فیصد رہی تھی ،اسکاٹ لینڈ میں ایسے افراد جنہوں نے جان بوجھ کر سروے عمل میں حصہ لینے سے انکار کیا تھا ان پر اب مقدمات بنائے جا رہے ہیں، واضح رہے کہ مردم شماری کے ذریعے ہی حکومت اعدادوشمار کی بنیاد پر مستقبل کیلئے وسائل کی تقسیم کرتی ہے، نسلی اقلیتوں کو لازمی طورپر مردم شماری میں حصہ لینا چاہئے۔