آزادی اظہار رائے کا یہ مطلب نہیں جو دل میں آئے کردیا جائے، پی پی پی رہنما

January 26, 2023

بریڈ فورڈ (پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے صدر صدر مذہبی امور علامہ قاری محمد عباس ، آصف نسیم راٹھور چیف آرگنائزر بھٹو شہید ایوارڈ کمیٹی برطانیہ اور صدر پی پی پی بریڈ فورڈ نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے پر مذمت کرتے ہوئےاس عمل پر نہایت افسوس اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے پوری دُنیا کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں ہم اس گھناؤنے اور مکروہ فعل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور سویڈن حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ نفرت انگیز عمل کی روک تھام اور لوگوں کو تشدد پر اُکسانے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے اور جن مسلم مظاہرین کو گرفتار کر کے جیلوں میں ڈالا ہے اُنہیں فی الفور رہا کیا جائے ، یہ کیسی آزادی اظہار رائے ہے کہ شُتر بے مہار کی طرح جو دل میں آئے کردیا جائے۔ سویڈن حکام دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے اسلامو فوبک کارروائیوں کو روکنے کیلئے بھرپور اقدامات کرے اور واضح لائحہ عمل کا اعلان بھی کرے ۔ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا اظہار رائے کی آزادی میں کسی صورت نہیں آتا، انسانی حقوق کے علمبردار نفرت انگیز ی اور لوگوں پر پُر تشدد واقعات کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہے ہیں ، دین اسلام امن و سلامتی ،محبت و اخوت اور آشتی و رواداری کا درس دیتا ہے، مسلمان مذہب اسلام کی پیروی میں اسی پر کاربند ہیں، دنیا بھر کے مسلمان تمام مذاہب ، انبیآء اور ان کی کتب کے احترام کو جزو ایمان سمجھتے ہیں ، عالمی برادری کو اسلامو فوبیا، زینو فوبیا، عدم برداشت اور مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تشدد پر اکسانے کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا چاہئے اور بین المذاہب ہم آہنگی، پرامن بقائے باہمی کے فروغ کیلئے مل جُل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔