برطانوی حکومت نے پلاسٹک کچرے سے نمٹنے کیلئے ڈپازٹ اسکیم کا اعلان کردیا

January 26, 2023

لندن(نیوز ڈیسک)برطانوی حکومت کی جانب سے پلاسٹک کچرے سے نمٹنے کے لیے ڈیپازٹ اسکیم کا اعلان کردیا گیا۔اعلان کی گئی اسکیم کے تحت پلاسٹک کی بوتلوں کا کین لینے پر 20پینی وصول کیے جائیں۔ یہ پیسے کین یا بوتل خالی واپس لوٹائے جانے پر واپس کر دیئے جائیں گے۔اس اسکیم کے لیے ممکنہ طور پر سپر مارکیٹوں میں اور دیگر اسٹورز میں ریورس وینڈنگ مشین نصب کی جائیں گی جن میں خالی بوتلیں جمع کروا کر واؤچر سے پیسے لئے جاسکیں گے۔برطانیہ میں ہر سال صارفین تقریباً 14ارب پلاسٹک کی بوتلیں اور نو ارب کین استعمال کرتے ہیں جن کی بڑی تعداد آخر میں کچرا بنتی ہے یا زمین برد کردی جاتی ہے۔حکومت کی جانب سے یہ نئی اسکیم انگلینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں 2025 میں متعارف کرائی جائے گی جس کے ساتھ انڈسٹری میں ضروری تبدیلیوں کے لیے کام کیا جائے گا۔ اسکیم کے نفاذ کا مقصد تین سال بعد پلاسٹک کچرے میں 85 فی صد تک کمی لانے کی یقین دہانی کرانا ہےتاہم اس اسکیم کے تحت شیشے کی بوتلیں ری فنڈ نہیں کی جائیں گی۔ اس اسکیم کے متعلق سب سے پہلے 13سال قبل برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے تجویز پیش کی جس کے بعد2017میں اس وقت کے سیکرٹری اسٹیٹ برائے ماحولیات مائیکل گوو نے یہ تجویز پیش کی۔