عالمی دہشت گردی کو مسلمانوں سے جوڑنے کیخلاف علامہ طاہر القادری نے تاریخی کام کیا، عاصم افتخار احمد

January 26, 2023

پیرس (رضاچوہدری) فرانس میں سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد نے کہا ہے علامہ طاہرالقادری نے عالمی دہشت گردی کو مسلمانوں سے جوڑنے کے خلاف تاریخی کام سرانجام دیا اور موثرانداز میں اسلام مخالف قوتوں کو بھرپور جواب دیا۔اس موقع پر عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ منہاج القرآن ایک بڑا نیٹ ورک ہے، ان کی ٹیم بہترین انداز میں پروگرام آرگنائز کرنا جانتی ہے کیونکہ ان کے لیڈر پروفیسر ڈاکٹر علامہ طاہر القادری ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو پروموٹ کرنے کیلئے ادارہ سمیت جو بھی ایسوسی ایشنز کام کررہی ہیں وہ سب سفارتخانہ پاکستان کیلئے بہت مفید ہیں۔ وہ ادارہ منہاج القران انٹرنیشنل پیرس کی طرف سےاپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ادارے کے صدر راجہ بابر حسین نے کہا کہ ادارہ منہاج القرآن دنیا بھر میں سفیر پاکستان کے طور پاکستانیوں کیلئے ہر ممکن دینی اور دنیاوی خدمات سرانجام دے رہاہے۔ جنرل سیکرٹری طاہر عباس گورائیہ نے کہا کہ دنیاکاکوئی کونا ایسا نہیں جہاں ادارہ منہاج القران کی برانچ موجودہ نہ ہو اور تمام مقامات پر انسانیت کی خدمت اور دین اسلام کیلئے بھر پور کام جاری ہے ۔عشائیہ میں سفارتخانہ پاکستان کے عملے سمیت ادارہ کی سینئر قیادت و صحافی برادری نے خصوصی طور پر شرکت کی، تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حاجی الطاف اور معروف نعت خواں زاہد چشتی نے نعت رسول مقبولﷺ کا نذرانہ عقیدت پیش کیا۔بعد ازاں سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد اور سفارتخانے کے دیگر افسران نے ادارہ منہاج القرآن فرانس لاکورنیو مرکز کا دورہ کیااور ادارہ منہاج القرآن میں قائم کیا جانے والے مدرسہ ، کلاسز، لائبریری اور دیگر حصوں کا تفصیلی جائزہ لیا ۔راجہ بابر حسین نے سفیر پاکستان عاصم افتخار کو ادارہ منہاج القرآن فرانس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ادارہ کے صدر راجہ بابر حسین نے سفیر پاکستان عاصم افتخار اور ان کی ٹیم اور صحافیوں کو خوش آمدید کہا اور سفیر پاکستان کو بتایا کہ منہاج القرآن کا نیٹ ورک فرانس کے تمام بڑے شہروں میں پھیلا ہوا ہے، ادارے کے ایگزیکٹو ممبران اپنے اپنے علاقوں میں متحرک اور کمیونٹی کے درمیان موجود ہیں، ادارہ میں روزانہ وسیع پیمانے پر لنگر کا انتظام کیا جاتا ہے، انہوں نے بتایا کہ جو ذمہ داری سفارتخانہ پاکستان کی ہے ،اس ادارہ کی بھی ذمہ داری سفارتخانہ سے مناسبت رکھتی ہے، سفارتخانہ کا کام بھی کمیونٹی کی خدمت کرنا ہے اور منہاج القرآن بھی کمیونٹی کی خدمت میں پیش پیش ہے، ان کا کہنا تھا کہ فرانس میں سفارتخانہ پاکستان گزشتہ چند برسوں سے انقلاب لایا ہے سفارتخانہ پاکستان میں بہت بہتری آئی ہے اور امید ہے نئے سفیر پاکستان عاصم افتخار کی موجودگی میں مزید بہتری آئے گی۔ کنوینر پاکستان جرنلسٹ فورم فرانس یونس خان نے ادارہ کی پاکستانی کمیونٹی کیلئے کی جانے والی خدمات کو سراہا۔ سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد نے ادارہ میں مدعو کرنے پر راجہ بابر حسین اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا، آخر میں ڈائریکٹر منہاج القرآن فرانس علامہ حسن میر قادری نے پاکستان کی سلامتی و ترقی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔اس موقع پر ادارہ کی جانب سے سفیر پاکستان کو ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کی کتاب بطور تحفہ پیش کی گئی ۔