بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن نے کراچی کی مزید 3 یوسیز کے نتائج روک لئے

January 27, 2023

اسلام آباد (اے پی پی) الیکشن کمیشن نے جماعت اسلامی کی درخواست پر سندھ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی کے 3 یونین کونسلز کے نتائج روک لئے جبکہ کیس کی سماعت 2 فروری تک ملتوی کردی۔الیکشن کمیشن میں کیس کی سماعت نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے کی۔جماعت اسلامی کے وکیل حسن جاوید نے دلائل دیتے ہوئے بنچ کو بتایا کہ کراچی کی یونین کونسل ایک صفورا ٹاؤن ، یونین کونسل 8 صفورا ٹاؤن اور یونین کونسل6چنیسر ٹاون میں نتائج کو تبدیل کیا گیا ہے۔جماعت اسلامی کے وکیل نے کہا کہ فارم 11کے مطابق پٹیشنرز جیت چکے تھے لیکن ریٹرنگ آفیسر نے پریزائیڈنگ آفیسرز کے اعداد کے برعکس نتائج مرتب کئے ۔ جماعت اسلامی کی استدعا تھی کہ معزز کمیشن فارم 11 کے نتائج کے مطابق جیتنے والے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرے اور بے ضابطگی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ کمیشن نے جماعت اسلامی کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے کراچی کی یونین کونسل ایک ،8 اور6 کے نتائج روک لیے اور فیصلہ کیا کہ ان تینوں یونین کونسلز کے کیسز بھی باقی 6 یونین کونسلز کے ساتھ سماعت کے لئے مقرر کیا جائے ۔ دلائل کے بعد بنچ نے کیس کی مزید سماعت دو فروری تک ملتوی کر دی۔