ڈیڑ ھ کروڑ کی چوریاں،29لاکھ کا ڈاکہ7 گاڑیاں ، 39موٹر سائیکل غائب

January 27, 2023

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار ) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 4گاڑیوں 26موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،کرنسی ،موبائلز اورنقدی جبکہ وفاقی دارالحکومت میں بھی دیگر قیمتی اشیاء کے علاوہ تین گاڑیوں اور 13موٹرسائیکلوں سے محروم ہو گئے۔ تھانہ کینٹ کے علاقہ مال روڈپر ینگسن تھامس کے گھرسے تالے توڑکر بہبود سرٹیفیکٹ مالیتی 70لاکھ روپے ،سونا مالیتی3لاکھ روپے اور غیرملکی کرنسی مالیتی 33لاکھ87 ہزار 500روپے کوئی نامعلوم چور لے گئے۔تھانہ نصیرآبادکے علاقہ پیرصحابہؓ کالونی میں سلامت خان کے گھر میں 6نامعلوم مسلح ملزمان دیوار پھلانگ کر داخل ہوئے اور ٹی وی لانچ کا دروازہ توڑ کر اند آگئے جنہوں نے اسلحہ کی نوک اہلخانہ کویرغمال بنا کر ایک کمرے میں بند کر دیا اوران سے موبائل لے لئے ملزمان گھرسے 7لاکھ روپے ،طلائی زیورات مالیتی 22لاکھ 50ہزار روپے لے کر اور ان کے موبائل کچن میں پھینک کر فرار ہوگئے۔تھانہ روات کے علاقہ میں واجدنعیم کی دکان کے تالے توڑکر موبائل فونز اورنقدی کل مالیتی 42لاکھ روپے لے اڑا لئے گئے ۔ تھانہ کراچی کمپنی کے علاقے میں رانا کوثر کے بیٹے وبھتیجے سے موبائل ونقدی، کراچی کمپنی کے علاقے میں نور جبین کے پرس سے نقدی وموبائل اور کاغذات ، کورال کے علاقے میں حساس ادارے کے آفیسرحمزہ سے دو موبائل اڑا لئے گئے ۔