کراچی، 19 پراسرار ہلاکتیں، مرنیوالوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا

January 28, 2023

کراچی (این این آئی)کراچی میں نامعلوم بیماری کے باعث 19افراد کی اموات ایک ہی خاندان میں ہوئیں، اور خاندان کے سربراہ نے دعوی کیا ہے کہ مرنیوالے تمام افراد میرے بھانجوں اور بھتیجوں کے گھروں سے ہیں۔کراچی کے ضلع کیماڑی کے علی محمد گوٹھ میں صرف چند دنوں میں 16بچوں سمیت 19افراد انتقال کرگئے، اور حیرت انگیز طور پر مرنے والے تمام افراد کو تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔خاندان کے سربراہ غلام قادر نے دعوی کیا ہے کہ علی محمد گوٹھ میں رہائش پذیر میرے بھتیجوں اور بھانجوں کے گھروں میں 19 اموات ہوئیں، ان میں سے ایک بھتیجے خادم حسین کی اہلیہ اور بچوں سمیت چار اموات ہوئیں۔غلام قادر کا کہنا تھا کہ ہمارا سارا خاندان بیمار ہے، مرنے والے بچے اور بڑے بخار میں مبتلا ہوئے اور سب کو سانس لینے میں مشکل ہوئی۔ یہاں مختلف کیمیکل بنانے والی فیکٹریاں ہیں جن سے دھواں نکلتا ہے، اور سانس کا مسئلہ انہیں فیکٹریوں سے نکلنے والے دھویں کی وجہ سے ہے۔دوسری جانب ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی ڈاکٹر عبدالحمید جمانی اور ڈی ایچ او ضلع کیماڑی ڈاکٹر عارف رحمان نے علی محمد گوٹھ کا دورہ کیا، جہاں انکشاف ہوا کہ یہاں رہائش پذیر 200 قریب بچوں کو پیدائشی ٹیکے اور 25 سے 30 بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے گئے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں کوئی ڈسپنسری اور ویکسینیشن سینٹر موجود نہیں۔