قرآن پاک کی بےحرمتی کیخلاف جڑواں شہروں میں مظاہرے، یوم احتجاج

January 28, 2023

اسلام آباد،راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار،خبر نگار خصوصی) سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی، اوراق مقدس کو نذرآتش کرنے کے واقعہ کے خلاف جڑواں شہروں میں جماعت اسلامی اور تحریک لبیک سمیت مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور یوم احتجاج منایا گیا۔ اسلام آباد میں الفرقان مسجد آئی ایٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم نے کی، مظاہرے سے ملک عبدالعزیز، محمد کاشف چوہدری اور زبیر صفدر سمیت جماعت اسلامی اہل کتاب ونگ کے صدر جمیل کھو کھر نے بھی خطاب کیا۔میاں محمد اسلم نے کہا کہ تمام امت مسلمہ ایک کلمہ کی بنیاد پر متحد ہوجائے تاکہ پھر سے ایسے ناپاک اقدام کرنے کی جرات نہ ہو۔دریں اثناء راولپنڈی شہر اور چھاؤنی میں مختلف مقامات پر عظمت و تحفظ قرآن ریلیاں بھی نکالی گئیں جبکہ علماء نے نماز جمعہ کے اجتماعات میں قرآن کریم کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ۔ مظاہروں کے شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سویڈن کے سفیر کو فی الفور ملک بدر اور حکومتی سطح پر سویڈن کی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا جائے۔جماعت اسلامی کے جلعی امیر سید عارف شیرازی،رضا احمد شاہ،محمد تاج عباسی و دیگر نےمختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہروں سے خطاب کیا۔ راولپنڈی مری روڈ پرسید عنایت الحق سلطانپوری نے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سطح سے لے کر عالمی سطح تک مقدسات کی حفاظت کے لئے قانون سازی کی اشد ضرورت ہے۔ویمن اسلامک مشن انٹرنیشنل کی سربراہ و جمعیت علماء پاکستان کی راہنماء کنیز فاطمہ قادری نے صادق آباد میں حرمت قرآن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن اور ہالینڈ میں ہونے والی قرآن پاک کی بے حرمتی عالمی امن خراب کرنے کی سازش ہے۔سیٹلائیٹ ٹاؤن میں بزم ارشاد جامعہ رضویہ ضیاء العلوم راولپنڈی کے زیر اہتمام کمرشل مارکیٹ،رحمان آباد سے سکستھ روڈ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی،ریلی سے خطاب کرتے ہوئےعلامہ سید حبیب الحق ضیائی،مولانا اسحاق ظفر اور دیگر نے سویڈن میں قرآن پاک کی توہین کو عالمی دہشتگردی قرار دیا ۔ادھر ایم ایس او راولپنڈی کے زیر اہتمام دارلعلوم القرآن سے فوارہ چوک تک حرمت قرآن طلبہ ریلی نکالی گئی جس سے سردار مظہر، بلال ربانی، عبداللہ حمید گل،عبید عباسی، ذاکر اللہ صافی، راجہ شہباز بھٹی ، شرجیل میر،راہنماء ایم ایس او اسامہ حنیف نے خطاب کیا۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ سویڈن سے تمام سفارتی تعلقات ختم کئے جائیں اور ان کی تمام مصنوعات کا فوری طور پر بائیکاٹ کیا جائے۔