راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) پنجاب میں عوام کوغذائیت سے بھرپور اشیائے خورونوش تک رسائی کیلئے انتظامی و صنعتی اتحاد قائم کیا گیا ہے۔جس کا باقاعدہ آغاز مری سے کیاگیا ہے۔ ملرز فار نیوٹریشن اتحاد کی افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید، صدر پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن بدرالدین کاکڑ، صدر پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن، این ڈی ایم اے کے اعلیٰ عہدیداران، فلور اور خوردنی تیل کے فیکٹری مالکان، فوڈ ریگولیٹری اداروں کے نمائندگان، صنعتی تنظیموں، ترقیاتی شراکت داروںکےنمائندگان نے شرکت کی۔ملرز برائے نیوٹریشن کے ذریعے فوڈ انڈسٹری کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا گیا ہے جہاں فنی معاونت، استعداد کار میں اضافے کیلئے تربیت، ٹیسٹنگ آلات تک رسائی اور معیار پر پورا اترنے کیلئے رہنمائی فراہم کی جائے گی تاکہ غذائیت سے بھرپور اشیائے خورونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے فوڈ انڈسٹری کے نمائندگان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ خوراک میں غذائی قلت ایک سنگین مسئلہ ہے اور پاکستان میں لاکھوں بچے اور خواتین غذائی کمی کا شکار ہیں۔ اس مسئلے کے حل کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی، جبکہ ایسے پلیٹ فارمز کے قیام سے فوڈ انڈسٹری اور ریگولیٹری اداروں کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے۔صدر پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن بدرالدین کاکڑ نے غذائیت کی کمی کے مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ہر فرد کو اپنی روزمرہ روٹی میں مناسب غذائیت حاصل کرنے کا حق ہے۔صدر پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن ،نیوٹریشن انٹرنیشنل کے سینئر پروگرام منیجر ضمیر حیدر نے بھی خطاب کیا۔ فوڈ ریگولیٹری اداروں کے عہدیداران نے ملرز کو مکمل تعاون اور اصلاحات کی یقین دہانی کروائی۔