ہزاروں بوری آٹا کے پی لے جاتے ہوئے پکڑ لیا گیا

January 30, 2023

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) محکمہ خوراک پنجاب نے بڑے پیمانے پر خیبر پختونخوا کے علاقوں میں اسمگل کئے جانے والے سرکاری آٹا تھیلے برآمد کر لئے ہیں۔ مندرہ چیک پوسٹ پر 1250بوری آٹا تھیلے پکڑے گئے ہیں جنہیں سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ یہ آٹا چوہدری حیات فلور ملز گوجرانوالہ سے لوڈ کر کے خیبر پختونخوا کی طرف اسمگل کیا جا رہا تھا۔ ایف آئی آر درج کر کے سرکاری آٹا محکمہ خوراک کے ڈپٹی ڈائریکٹر سلمان علی اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سفیان آصف اعوان اور انکی ٹیم نے ضبط کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔ اسی طرح چار اور ٹرکوں میں 627بیگ سرکاری آٹا تھیلا‘ 200بیگ پندرہ کلو آٹا تھیلوں کو ایم ون چیک پوسٹ پر محکمہ خوراک راولپنڈی ڈویژن نے پکڑا ہے۔ یہ آٹا خیبر پختونخوا اسمگل ہو رہا تھا۔ ایف آئی آر درج کر دی گئی ہیں اور ڈرائیورز کو گرفتار کر لیا گیاہے جبکہ ایک اور ٹرک جس میں چالیس چالیس کلو کی 550بوریاں تھیں فتح جنگ چیک پوسٹ پر محکمہ خوراک کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور انکی ٹیم نے روک کر قبضے میں لیا ہے۔ یہ غیر قانونی آٹا خیبر پختونخوا بھجوایا جا رہاتھا۔