انتظامیہ اور پیوٹا کو حل طلب مسائل کیلئے ساتھ بٹھا یا جائے گا، گورنر

January 30, 2023

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوس ایشن (پیوٹا) کے ایک نمائندہ وفد نے صدر ڈاکٹر محمد عزیز کی قیادت میں گورنر و چانسلر حاجی غلام علی سے ملاقات کی وفد میں ڈین پروفیسر یاسین اقبال، ڈین پوفیسر نعیم قاضی، پیوٹاکے جنرل سیکرٹری علی عمران اور نائب صدر سجاد احمد جان شامل تھے۔ ملاقات میں پیوٹا صدر ڈاکٹر محمد عزیر نے اساتذہ کے جملہ مسائل خصوصاً ترقی سے محرومی، خالی آسامیوں کی مشتہری میں تاخیری حربے اور مالی معاملات میں اساتذہ کو جائز حقوق سے محروم کرنے جیسے مسائل کو اٹھایااور جامعات کے موجودہ ایکٹ میں 1974 جامعہ پشاورایکٹ کے برعکس تبدیلیوں ، پنشن میں صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی اور آئے روز اساتذہ کی مشکلات کا ذکر کیا ۔گورنر حاجی غلام علی نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اساتذہ کےلئے ترقی کے یکساں اور بروقت مواقع فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے،انہیں معلوم ہے کہ ترقی کے بغیر اساتذہ ذہنی اذیت و کوفت کا شکار ہوتے ہیں ۔ گوررنر نے کہا کہ وہ جامعات کے معاملات میں ورکنگ گروپ کے ذریعے دور رس اصلاحات پر کام کر رہے ہیں۔ گورنر نے اساتذہ کے اتحاد پر زور دیا کہ وہ اپنی ذات کے خول سے نکل کر اجتماعیت کا مظاہرہ کریں ۔ حاجی غلام علی نے پیوٹا کی نئی کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے مجوزہ حلف برداری کی تقریب میں شرکت پر آمادگی ظاہر کی اور انتظامیہ اور پیوٹا کو حل طلب مسائل کیلئے ساتھ بٹھانے کا اعلان کیا ۔