خیبرپختونخوا کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا، خوشدل خان ملک

January 30, 2023

پشاور(نمائندہ خصوصی) نگران صوبائی وزیر خوشدل خان ملک کی اسلام آباد سے واپسی پر تاروجبہ میں علاقہ کے عوام طلبا نوجوانوں وکلا ڈاکٹروں اور بلدیاتی نمائندوں کی طرف سے ان کا والہانہ استقبال کیا گیا انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور گل پاشی کی گئی صوبائی وزیر خوشدل خان ملک کو بڑے جلوس کی شکل میں اکبر پورہ لایا گیا۔ راستہ میں بالو، اخون پنجو بابا، گڑھی تازہ گل اور شہید آباد میں عوام کی طرف سے صوبائی وزیر کا استقبال کیا گیا۔ جلوس میں شامل طلبا و نوجوانوں کی طرف سے ہمارا دل تمہارا خوشدل خوشدل اور قدم بڑھاؤ خوشدل ہم تمہارے ساتھ ہیں کے زور دار نعرے لگائے گئے۔ جلسہ سے صوبائی وزیر تعلیم خوشدل خان ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ اعظم خان کی سربراہی میں صوبے سے بدامنی کے خاتمے امن کے قیام عوام کے تحفظ اور صاف شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا۔ تعلیم کے بغیر ترقی و خوشحالی ناممکن ہے۔ صوبے میں تعلیم کی روشنی پھیلائی جائے گی عوام کی بے لوث خدمت ان کا خاندانی مشن ہے عوام کی خدمت کے سلسلے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔اجتماع سے گرینڈ امن جرگہ کے سربراہ حاجی سید ہدایت شاہ ڈسٹرکٹ انصاف کمیٹی ضلع نوشہرہ کے سابق چیئرمین سید سبز علی شاہ، پی ٹی آئی کے رہنما ملک علی خان پیپلز پارٹی کے رہنما حاجی واحد گل سید مصنف شاہ ویلیج کونسل کے چیئرمین ملک قاسم خان پی ٹی آئی کے رہنما و چیئرمین ویلیج کونسل سید وکیل شاہ کڑوی کے سابق ناظم افسر خان بالو ویلیج کونسل کے چیئرمین جاوید خان ملک مشتاق خان ارباب عالم خان یوسف خان اور غازی امان اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران صوبائی کابینہ میں شمولیت خوشدل خان ملک کی خدمات کا اعتراف ہے۔