’’آن لائن کوچ‘‘ کیوں، کیسے، شاہد آفریدی نے سوالات اٹھا دیے

January 31, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر کی تقرری سمجھ سے بالاتر ہے۔ پاکستان کی آن لائن کوچنگ سمجھ میں نہیں آرہی کہ کس طرح کوچنگ ہوگی، علم نہیں کہ پی سی بی کا اس حوالے سے کیا پلان ہیں لیکن قومی ٹیم کیلئے غیر ملکی کوچ ہی کیوں ضروری ہے۔ جب چیف سلیکٹر تھا تو ٹیم میں کوئی تگڑا گروپ نظر نہیں آیا۔ کپتان کی پسند و نا پسند ہوتی ہے اور یہ کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ وہ پیر کو کراچی میں جنگ میں شائع ہونے والی خبر پر تبصرہ کررہے تھے۔ شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایسے کوچ ہیں جو ٹیم کو اچھے انداز میں لیڈ کرسکتے ہیں، ملکی کوچز کے حوالے سے تاثر ہے کہ وہ سیاست میں پڑ جاتے ہیں لیکن ایسے کرکٹر بھی ہیں جو اس کو بڑی ذمہ داری سمجھتے ہیں، میرے خیال سے کرکٹ کو سیاست کو الگ کرکے مضبوط اور بڑے فیصلے کریں گے تو ملکی کرکٹ آگے بڑھے گی ۔