• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیا سال: پاکستان عالمی کرکٹ طاقت بننے کو تیار، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بڑا امتحان

دبئی (عبدالماجد بھٹی) پاکستانی کرکٹ ٹیم کو نئے سال میں نئے چیلنجوں کا سامنا ہے۔ بلند عزم کے ساتھ پاکستان کرکٹ کی عالمی طاقت بننے کو تیار ہے۔سلمان علی آغا کی قیادت میں گرین شرٹس کی سب سے بڑی آزمائش فروری مارچ میں ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہے جس میں بڑا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف ہے۔2025 میں پاکستانی ٹیم نے مجموعی طور پر56 انٹر نیشنل میچ کھیلے، سلمان علی آغا تینوں فارمیٹس کے تمام میچز کھیلنے والے واحد پاکستانی تھے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ 2025 میں پاکستان نے کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں میں کامیابیاں حاصل کیں جو کھلاڑیوں کی محنت کا ثبوت ہے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا کامیاب انعقاد پرامن اور محفوظ پاکستان کی جیت تھی۔ نئے سال میں پاکستان کرکٹ کو مزید مستحکم، منظم اور پائیدار بنانے پر مکمل توجہ دی جائے گی۔ اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن، سہولتوں میں بہتری اور نئے وینیوز کی شمولیت ترجیح ہوگی۔ 2026 پاکستان کرکٹ کو عالمی سطح پر مضبوط اور باوقار مقام دلانے کا سال ہوگا ۔ 2025 میں پاکستان نے 56 بین الاقوامی میچ کھیلے، 30 میں کامیابی حاصل کی ۔نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے ساتھ تین ملکی ون ڈے جبکہ زمبابوے اور سری لنکا کے ساتھ تین ملکی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کی میزبانی کی ۔ ٹی ٹوئنٹی ٹیم نے ریکارڈ 34 میچ کھیلے، 21 جیتے ۔ بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتیں۔ شاہینز نے رائزنگ اسٹارز ایمرجنگ ایشیا کپ جیتا۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے بھارت کو فائنل میں شکست دے کر انڈر 19ایشیا کپ جیتا۔ ہانگ کانگ سپر سکسز ٹورنامنٹ بھی جیتا۔

اسپورٹس سے مزید