پی ٹی آئی جلد ای یو پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ کرے گی

January 31, 2023

برسلز (حافظ انیب راشد) پی ٹی آئی یورپ کی قیادت یورپین پارلیمنٹ کے سامنے جلد بڑا مظاہرہ کرے گی۔ اس بات کا اعلان پی ٹی آئی بلجیم کی جانب سے پریس کانفرنس میں کیا گیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے PTI بلجیم کے رہنماؤں نے پارٹی کے سینئر رہنما اور ترجمان فواد چوہدری کی گرفتاری اور اس کے بعد ان کے ساتھ اختیار کئے گئے رویئے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح پارٹی چیئرمین کی گرفتاری اور مختلف طریقوں سے الیکشن ملتوی کرنے سے متعلق روزانہ خبریں گردش کرتی ہیں اس سے لگتا نہیں کہ حکومت کوئی جمہوری اور قانونی رویہ اپنائے گی، انہوں نے خبردار کیا کہ ہم اس پر خاموش نہیں رہیں گے اور سارے یورپ سے تحریک انصاف کے لوگ بہت جلد یورپین پارلیمنٹ کے سامنے بڑا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو خبردار کیا کہ وہ پی ٹی آئی کے لوگوں پر مظالم فوری طور پر بند کرے اور پاکستان میں جمہوریت کے تسلسل کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے ، پاکستان میں وقت پر الیکشن کروائے جائیں،بعد میں ہم پر یہ الزام نہ عائد کیا جائے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے باعث پاکستان کے امیج کو نقصان پہنچا اور اس کے دشمنوں نے یورپ میں ان کا استعمال کیا۔