مجاہد کالونی میں گھر مسمار کرنے سے متعلق درخواست پر سیکریٹری بلدیات و دیگر کو نوٹس

January 31, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کےجسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ناظم آباد مجاہد کالونی میں گھروں کو مسمار کرنے سے متعلق درخواست پر سیکریٹری بلدیات، ایڈووکیٹ جنرل سندھ، ڈی جی کے ڈی اے، ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست گزاروں کے وکیل سے درخواست قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کرلیئے،جسٹس عقیل احمد عباسی نے ریمارکس دیئے کہ پہلے بتایا جائے، درخواست کیسے قابل سماعت ہے؟نالوں پر تجاوزات سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ آچکا، بڑی مشکل سے تجاوزات کا خاتمہ ہوا، درخواست گزار کے وکیل نے کہا گھر لیز شدہ ، ستر سال سے رہائش ہے ، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی خواہش اچھی ہوسکتی ہے، لیز بھی کچی آبادی کی ہے، درخواست گزار کے وکیل نے کہا گھر کسی نالے، سڑک کے راستے میں ہرگز نہیں، جسٹس عقیل احمد عباسی نے ریمارکس دیئے کہ اگر ایسا ہوا تو پھر آپ کیا کریں گے؟ نوٹس کر رہے ہیں مگر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دیں، سپریم کورٹ نے نالوں سمیت تمام جگہ سے قبضے ختم کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت نے سماعت 21 فروری تک ملتوی کردی،دریں اثنا مذکورہ بنچ نے شاہ فیصل کالونی میں تعمیرات روکنے کے خلاف درخواست پر سیکریٹری بلدیات، کمشنر کراچی، ڈپٹی کمشنر کورنگی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہ فیصل ٹاؤن کے ڈی اے کو نوٹسز جاری کردیئے، درخواست گزار کے وکیل نے کہا سی 14 بلاک 5 مارکیٹ شاہ فیصل کالونی میں 66 اسکوائر یارڈ کا کمرشل پلاٹ ہونے کے باوجود ضلعی انتظامیہ رکاوٹ ڈال رہی ہے، عدالت نے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔