الیکشن کمیشن مارچ میں قومی اسمبلی کی 86 نشستوں پر ضمنی انتخابات کرائیگا

January 31, 2023

اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن آف پاکستان مارچ میں قومی اسمبلی کی 86نشستوں پر ضمنی انتخابات کرائے گا ، اپریل میں مزید حلقوں پر ضمنی انتخابات ہونے کا امکان ہے۔ عمران خان کے پاس 18 فروری تک فیصلہ کرنیکا وقت ہے کون سی سیٹ رکھنا چاہتے ہیںرپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جیتی ہوئی 7نشستوں کا شیڈول تب ہی جاری کیا جا سکتا ہے جب وہ یہ فیصلہ کر لیں کہ وہ ان میں سے کونسی سیٹ اپنے پاس رکھیں گے۔انہوں نے وضاحت کی کہ قانون کے تحت عمران خان جن کی قومی اسمبلی کی 7 نشستوں پرکامیابی کا نوٹی فکیشن 19 جنوری کو جاری کیا گیا تھا اور یہ فیصلہ کرنے کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا گیا تھا کہ وہ کون سی نشست اپنے پاس رکھیں گے۔عمران خان کی جانب سے مقررہ وقت کے اندر ضمنی انتخاب کے اخراجات کی تفصیلات جمع کرانے میں ناکام رہنے پر جیت کا نوٹیفکیشن روک دیا گیا تھا، الیکشن کمیشن کی جانب سے رواں ماہ کے شروع میں تاخیر پر معذرت منظور کرتے ان کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔الیکشن کمیشن کے اہلکار نے بتایا کہ عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں نااہل قرار دیا گیا تھا اور این اے 95 کی نشست خالی قرار دی گئی تھی تاہم عدالت کی جانب سے اس حکم نامے کو معطل کر دیا گیا تھا، لہذا تکنیکی طور پر عمران خان کے پاس اس وقت قومی اسمبلی کی 8 نشستیں ہیں۔ای سی پی عہدیدار نے کہا کہ عمران خان کے پاس 18 فروری تک فیصلہ کرنے کا وقت ہے کہ وہ کون سی سیٹ رکھنا چاہتے ہیں، اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو این اے 45سے جیتنے والی آخری نشست کے علاوہ تمام 7نشستیں خالی قرار پائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی تحلیل شدہ صوبائی اسمبلیوں کے علاوہ اسمبلیوں کی مدت 12 اگست کو ختم ہو رہی ہے، اس لیے 12 اپریل کے بعد خالی ہونے والی نشستوں کو پر کرنے کے لیے ضمنی انتخابات نہیں ہوں گے۔انہوں نے آرٹیکل 224(4) کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا کہ قومی یا صوبائی اسمبلی کی تحلیل کے علاوہ کسی اسمبلی کی کوئی نشست اس اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے 120 روز قبل خالی ہو تو 60 روز کے اندر اس سیٹ پر الیکشن کرایا جائے گا۔ عہدیدار نے بتایا کہ ڈی نوٹیفائیڈ اراکین کی 33جنرل نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے جس کے لیے 16 مارچ کو پولنگ کی تاریخ مقرر کی گئی ہے اور باقی 53 حلقوں میں مارچ کے دوران انتخابات کا شیڈول جلد ہی جاری کر دیا جائے گا۔