عمران کا 33حلقوں پر الیکشن لڑنا جمہوریت سے مذاق، عرفان صدیقی

January 31, 2023

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ عمران خان کا قومی اسمبلی کے 33 حلقوں سے ضمنی انتخاب لڑنے کا اعلان آئین، قانون اور جمہوریت کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ ایک ضمنی انتخاب پر 3 سے4 کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں، الیکشن کمیشن کو اس سنگین مسئلے پر توجہ دینی چاہیے ، دنیا کے کسی جمہوری ملک میں اس طرح کے تماشے نہیں ہوتے۔ معاشی بحران میں گھری ایک غریب قوم کا پیسہ اس طرح بے دردی سے اُڑانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ پیر کو اپنے بیان میں عرفان صدیقی نے کہاکہ ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں پابندی ہے کہ کوئی امیدوار دو سے زیادہ سیٹوں پر الیکشن نہیں لڑ سکتا اب وہاں اس تجویز پر بحث ہورہی ہے کہ خالی کردہ سیٹ پر ضمنی انتخاب کا تمام خرچہ متعلقہ امیدوار سے وصول کیاجائے۔