لڑکی گمشدگی کیس، ڈی ایس پی سے دس روز میں رپورٹ طلب

January 31, 2023

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے وفاقی دارالحکومت کے علاقہ سنگجانی سے 18 سالہ لڑکی کی پراسرار گمشدگی سے متعلق کیس میں ایس ایچ او کے بعد علاقہ ڈی ایس پی سے دس روز میں رپورٹ طلب کر لی۔ پیر کو مبینہ طور پر اغوا ہونیوالی لڑکی( ش) کی والدہ کی درخواست کی سماعت کے دوران عدالتی حکم پر ایس ایچ او تھانہ سنگجانی جبکہ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ محمد یعقوب کانجو پیش ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ مظفر گڑھ کی (ش) ایف سیون فور کے محمد عمار کے گھر ملازمہ تھی۔ 28 اگست 2022 کو گھر سے پراسرار طور پر غائب ہو گئی۔ خدشہ ہے کہ اسے اغوا یا قتل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے ہماری داد رسی کی بجائے الٹا ہمارے خلاف چوری کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ہمارے خلاف درج ایف آئی آر خارج کر کے بیٹی کو بازیاب کروایا جائے۔ فاضل عدالت نے متعلقہ ڈی ایس پی کو طلب کرتے ہوئے 10 دنوں میں رپورٹ مانگ لی۔