لائن لاسز، ریکوری کی شرح بہتربنانے کیلئے بجلی کمپنیوں کا ہدف مقرر

January 31, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر)وزارت توانائی نے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں لائن لاسز اور ریکوری کی شرح بہتربنانے کے لئے شعبہ آپریشن کے ہریونٹ کے لئے ٹارگٹ مقرر کردئیے ہیں۔ افسران کو ایک معاہدے کے ذریعے اس امر کا پابندبنایاگیاہے کہ وہ ان کے لئے مختص ٹارگٹس کے حصول کے لئے ہرممکن جہدوجہد کریں گے۔ کسی بھی غفلت، نااہلی اور ناکامی کے نتائج محکمانہ قواعد و ضوابط کی روشنی میں سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسرمیپکو انجینئر مہر اللہ یار بھروانہ نے سپریٹنڈنگ انجینئرز اور میپکو کے اعلیٰ افسران کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاور سیکٹر کے گردشی قرض نے معیشت پر منفی اثرات مرتب کئے ہیں اس قرض میں کمی بجلی واجبات اور بلو ں کی بروقت وصولیوں سے ممکن ہے جس کی براہ راست ذمہ داری بجلی کی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں پر عائد ہوتی ہے۔ ملکی معیشت میں پاور سیکٹر انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کی بہتری کے لئے تمام افسران اور ملازمین کو کرداراداکرنے کی ضرورت ہے۔ درست ریڈنگ اوربلنگ سے ہی دسمبر 2022ء میں سب سے زیادہ ریکوری کرکے ملک بھر میں نمبر ون پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ پروگریسو ریکوری میں دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔ انہوں نے میپکوکے تمام جنرل منیجرز،چیف انجینئرز اورسپریٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی کہ وزارت توانائی کے مقرر کردہ اہداف مالی سال 2022-23ء کے اختتام تک پورے کیے جائیں۔ تمام آپریشنل سرکلوں کے ایس ایز بلنگ، واجبات، بقایاجات، کورٹ کیسز اور متنازعہ رقوم وصول کرنے کے لئے ایکسین اور ایس ڈی اوز کو روزانہ کی بنیاد پر ٹارگٹس دیں اور روزانہ رپورٹ لیں۔ کمپنی میں نااہل اور ناقص کارکردگی کے حامل افسران اورملازمین کی جگہ نہیں ہے ان سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔