ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت شہریوں کو بہتر اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے واسا ڈسپوزل سٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز واسا ڈسپوزل سٹیشن اعوان چوک کا دورہ کرتے ہوئے کیا جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران سے بریفنگ لی، دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا گیا کہ اس منصوبے کے تحت ڈسپوزل سٹیشن کی پرانی مشینری کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے جب کہ نکاسیٔ آب کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کے لیے جدید تکنیکی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے، منصوبے میں جدید پمپس، الیکٹریکل سسٹم اور دیگر ضروری آلات کی تنصیب شامل ہے تاکہ بارش اور سیوریج کے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا جا سکے، ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔