کرکٹرز کی سن لی گئی،8فروری تک بی پی ایل میں شرکت کی اجازت

February 01, 2023


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے لئے صرف ان کھلاڑیوں کو جمعرات کو وطن واپس طلب کیا ہے جو کوئٹہ میں ہفتے کو ہونے والے میچ میں شرکت کریں گے۔ جو کرکٹرز 5 فروری کے نمائشی میچ کا حصہ نہیں ہیں وہ 8 فروری تک بی پی ایل کھیل سکتے ہیں۔بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں حارث رؤف، محمد رضوان، محمد نواز، خوشدل شاہ، نسیم شاہ، محمد وسیم ،افتخار احمد، اعظم خان اور دیگرشریک ہیں۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ نمائشی میچ کھیلنے والے کھلاڑی 2 فروری کو واپس پہنچیں گے۔کچھ کھلاڑیوں کی جانب سے درخواست آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو واپس بلانے کی پالیسی کا ازسرِ نو جائزہ لیا ہے۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انہیں مالی نقصان ہوگا۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سُپر لیگ کھیلنے والے تمام کرکٹرز کو 2 فروری کو وطن واپس طلب کیا تھا۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنچائز نے درخواست کی تھی کہ ان کے کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ شروع ہونے سے دس دن قبل پی ایس ایل کیمپ کے لئے طلب کیا جائے۔ پی سی بی کی پالیسی دباؤ کی وجہ سے تبدیل ہوگئی۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل نہ کھیلنے والے کرکٹرز پر وطن واپسی کی کوئی پابندی نہیں ہے۔