پی سی سی سی ملازمین کے احتجاج کا تیسرے ہفتہ، گیلانی ہاؤس کے باہر دھرنا

February 01, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) پی سی سی سی ملازمین کا تنخواہیں اور بقایاجات نہ ملنے پر احتجاج تیسر ے ہفتہ میں داخل ہوگیا ،گزشتہ روز ایپکا رہنما چوہدری خالد جاوید سنگھیڑا کی قیادت میں سینکڑوں ملازمین نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ و دھرنا دیا ۔ یوسف رضا گیلانی کی جانب سے ملازمین کے مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کرادی گئی، خالد جاوید سنگھیڑا نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی ملازمین کےحقوق کے لیے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، ملازمین پی سی سی سی کا پیغام اعلی قیادت تک پہنچا دیا گیا ہے۔ اور بڑی امید ہے کہ ملازمین کو تنخواہوں ، بقایاجات اور پنشن کی جلد ادائیگی کر دی جائے گی ۔متاثرہ ملازمین کا پیغام قاسم گیلانی کے ذریعے بلاول بھٹو کو بھی پہنچادیا گیا۔دھرنا سے ضرغام گیلانی ، مرکزی جنرل سیکرٹری قاسم بھٹہ، ممتاز راٹھور ، ڈاکٹر فیاض نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں سنٹرل کاٹن ریسرچ کے مین گیٹ پر سینکڑوں ملازمین جمع ہوئے اور وہاں سے ریلی کی صورت میں گیلانی ہاؤس پہنچے، ملازمین نے نعرے بازی کی۔ملازمین نے روڈ کو بلاک کر دیا اور شدید نعرے بازی کی ۔