ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان شہر میں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائے گی، جس کے پیشِ نظر گزشتہ روز بازاروں، شاپنگ سینٹرز اور گفٹ اسٹورز میں رش دیکھنے میں آیا ہے۔ خواتین، مرد، بزرگ اور بچے کرسمس شاپنگ میں مصروف رہے جبکہ ملبوسات، جوتوں، سجاوٹ کے سامان اور تحائف کی خریداری کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔ شہر کی مارکیٹوں میں خصوصی کرسمس سٹالز لگائے گئے ہیں جہاں کرسمس ٹریز، لائٹس، کیپ، سجاوٹی گھنٹیاں اور بچوں کے کھلونے خریداروں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ چرچز کی تزئین و آرائش بھی تیزی سے جاری ہے جبکہ سکیورٹی اداروں نے اہم مقامات پر حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے ہیں۔خریداروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس خوشیوں کا تہوار ہے جس پر خاندان اور دوست اکٹھے ہوتے ہیں، لیکن مہنگائی نے اس بار خوشیوں کا رنگ کچھ پھیکا کر دیا ہے۔ ایک شہری نے بتایا کہ “ہر چیز کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، بچوں کے کپڑے اور تحائف پہلے کے مقابلے میں بہت مہنگے ہیں۔ بجٹ چھوٹا ہے مگر بچوں کی خوشیوں کے لیے قربانی دینا پڑتی ہے۔