ملتان(سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کیتھولک چرچ بشپ ہاؤس ملتان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کیتھولک کمیشن برائے بین المذاہب ہم آہنگی و بین المسالک مکالمہ کے چیئرمین اور بشپ آف ملتان بشپ یوسف سوہن سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر گفتگو کی گئی، اس موقع پر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ حکومت پنجاب اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، تاکہ تمام مذاہب کے پیروکار امن و سلامتی کے ساتھ زندگی گزار سکیں، اس موقع پر کیتھولک کمیشن برائے بین المذاہب ہم آہنگی و بین المسالک مکالمہ کے چیئرمین بشپ آف ملتان یوسف سوہن نے کہا کہ ایسے روابط سے نہ صرف اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کو بھی تقویت ملتی ہے انہوں نے کرسمس کے موقع پر حکومتِ پنجاب کی جانب سے مسیحی برادری کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے، اس موقع پر صوبائی وزیر اقلیتی امور نے بشپ یوسف سوہن، کیتھولک کمیشن برائے بین المذاہب ہم آہنگی و بین المسالک مکالمہ کے ڈائریکٹر فادر ڈینیئل تاج ،نیشنل ڈائریکٹر سیموئیل کلیمنٹ ،ڈپٹی سیکریٹری انسانی حقوق میاں عمر حیات ،اسسٹنٹ کمشنر اذکا سحر ،سرفراز کلیمنٹ ،امروز گل ،شازر گل و دیگر میسحی رہنماؤں کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا اور کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔