سابق سیکریٹری پنجاب محمد خان بھٹی سمیت 8 افراد کیخلاف مقدمہ

February 03, 2023

لاہور( این این آئی)کروڑوں روپے رشوت کے عوض اچھی تعیناتی کے الزام میں سابق وزیر اعلیٰ پرویزالٰہی کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی سمیت 8افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمہ میں ایس ڈی او ہائی وے رانا محمد اقبال اور دیگر ملازمین نامزد ملزم ہیں، مقدمہ ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل لاہور نے درج کیا، ایف آئی اے کے مطابق مقدمہ میں منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعات شامل ہیں، تحقیقات شروع کردی گئیں، مقدمہ میں رشوت وصولی کی تفصیلات اور منی ٹریل لف کی گئیں۔مقدمہ کے متن کے مطابق ایس ڈی او ہائی وے رانا محمد اقبال کئی برس تک محمد خان بھٹی کو رشوت دیتا رہا۔مقدمے کے مطابق کئی اور افسران بھی محمد خان بھٹی کے لیے کام کرتے ہیں، سرکاری فنڈز سے محمد خان بھٹی کو کروڑوں روپے دیتے رہے ہیں، رشوت وصولی کے وقت مونس الٰہی اور سابق وزیر اعلی افضل ساہی محمد خان بھٹی کے گھر موجود ہوتے۔اے پی پی کے مطابق لاہور کی انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت نے محمد خان بھٹی سمیت دیگر کے خلاف کروڑوں روپے رشوت لینے کے الزام میں درج مقدمہ میں شریک ملزم محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ایس ڈی او رانا محمد اقبال کی ضمانت مستردکردی ہے۔