آئی ایم ایف مشن نواں جائزہ مکمل کرکے 10 فروری کو واپس روانہ ہوگا

February 05, 2023

اسلام آباد ( رپورٹ/حنیف خالد) آئی ایم ایف مشن اپنے پروگرام کا نواں جائزہ مکمل کرکے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب واشنگٹن ڈی سی روانہ ہوجائے گا۔ اس امر کی تصدیق وزارت خزانہ کے ڈائریکٹر جنرل برج لال دسانی نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ جب ان سے دریافت کیا گیا کہ آیا آئندہ جمعرات کو پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے مشن کے درمیان نواں جائزہ مکمل ہونے کا امکان ہے تو انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی نگرانی میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور ان کی معاشی ٹیم نے شبانہ روز محنت کرکے آئی ایم ایف مشن کیساتھ مشکل ترین حالات میں معاملات طے کرنا شروع کر دیئے ہیں بہت سے معاملات طے پاگئے ہیں اور باقی معاملات ملک و قوم کے بہترین مفاد میں طے پا رہے ہیں۔ وزارت خزانہ کے ذرائع اور اقتصادی ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف معاہدہ ان مالی اور غیر مالیاتی اقدامات کی تفصیلات فراہم کریگا جن پر حکومت پاکستان نے اتفاق کیا ہے۔ان میں بنیادی طور پر ذاتی اور کارپوریٹ ٹیکسز میں اضافہ ہوگا، ٹیکس چوری سے بچنے کے اقدامات، حقیقت پسندانہ ٹیکس وصول کے اہداف، مالیاتی اقدامات کی وصولی کے طریقوں اور طریقہ کار میں شفافیت، انسداد بدعنوانی کے طریقہ کار اور بہت کچھ شامل ہوگا ماضی میں پاکستان کی ٹیکس پالیسیاں بنانے والے سابق ممبر ٹیکس پالیسی ایف بی آر ملک احمد خان سے جب دریافت کیا گیا کہ جمعرات تک 6دن میں کیا ان دنوں میں غیرملکی ادائیگیاں نہ کرنے کے جواز پر پاکستان ڈیفالٹ تو نہیں کرے گاتو انہوں نے یہ اچھی خبر سنائی کہ پاکستان نے آج تک مئی 1998کے انڈیا کے پانچ کے مقابلے میں 6ایٹمی دھماکے کرکے ملکی دفاع کی جو ناقابل تسخیر بنایا اس پر امریکا، یورپ سمیت دنیا بھر میں اقتصادی پابندیاں لگائیں مگر صرف چھوٹی سی رقم کی عدم ادائیگی پر اسے ڈیفالٹ کا الزام سہنا پڑا۔