عمران ہمیں رلانے کی باتیں کرتے تھے بھول گئے مکافات عمل بھی ہے، مریم نواز

February 05, 2023

لاہور (نمائندہ جنگ ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ گزشتہ چار برسوں میں عمران خان نے مقدموں، جھوٹ، بہتان اور صرف الزام تراشی کی سیاست کی،عمران خان ہمیں رلانے کی باتیں کرتے تھے مگر بھول گئے اللہ نے مکافات عمل بھی دنیا میں رکھاہے ۔مریم نواز سے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سابق اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر ، جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر بھی موجود تھے۔ ملاقات کرنے والوں میں خواجہ سلمان رفیق،یاسین سوہل چوہدری شہباز ، رانا احسن شرافت، میاں نصیر ،عمران جاوید ،میاں مجتبٰی شجاع الرحمان، چوہدری باقر حسین ، توصیف شاہ ، سمیع اللہ خان، خالد قادری ، عمران گورائیہ شا مل تھے۔ ملاقات میں عوامی رابطہ مہم کو تیز کرنے اور پارٹی بیانیے کے فروغ کے حوالے سے گفتگو اور حکمت عملی مرتب کی گئی ۔ مریم نواز نے کہا کہ ہم سب نے مل کر پارٹی کو مضبوط بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عوام کو ہمیشہ ریلیف دینے کی کوشش کی، مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوامی خدمت سے عبارت ہے۔ مریم نواز نے ممبر قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک کو مسلم لیگ (ن) کی پالیسی ایڈوائزر برائے خواتین مقرر کر دیا ۔ شائستہ پرویز ملک مسلم لیگ (ن)کی خواتین کے حوالے سے معاملات پرپالیسی بنانے میں چیف آرگنائزر مریم نواز کی معاونت کریں گی۔اس سلسلہ میں باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔