فرانس میں سفارتخانہ پاکستان کی زیر سرپرستی یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب

February 07, 2023

پیرس (رضا چوہدری) فرانس میں سفارتخانہ پاکستان کی سرپرستی میں یوم یکجہتی کشمیرکےحوالے سے تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے شرکت کی۔ اس موقع پرصدرِ پاکستان، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے اور ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور دیگر غیر قانونی اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔ سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد ، قونصلیٹ احسان کریم ودیگر سفارتی افسران کے علاوہ معروف کشمیری رہنما زاہد اقبال ہاشمی، نعیم چوہدری، ملک مشتاق پاشا، راجہ اشفاق حسین، مرزا آصف جرال ، پاکستان بزنس فورم کے چیئرمین سردار ظہور اقبال ن لیگ کے چیئرمین راجہ علی اصغر، ادارہ منہاج القرآن کےطاہر عباس گورائیہ اور دیگر نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی اور اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد نے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے ان کے عزم اور قربانی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمارا پختہ یقین ہے کہ ایک دن کشمیری عوام بھارتی فوج کے جبر اور ناجائز قبضے سے آزادی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ انہوں نے فرانس میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی جانب سے مسئلہ کشمیرکو اُجاگرکرنے کے لیے ادا کیے جانے والے فعال کردار کو سراہا۔ اس موقع پر سفارت خانہ میں ایک تصویری نمائش کا بھی انعقاد کیاگیا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کی تصاویر کو آویزاں کیا گیاتھا۔ بعد ازاں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے ارکان نے گار ڈی لیست سے پلاس ریپبلک تک ایک احتجاجی ریلی میں شرکت کی جس میں مظاہرین نے بینرز، پلے کارڈز اور تنازع کشمیرسے متعلقہ تصاویراُٹھا رکھی تھیں۔