بی اے پی نے این اے 265 کے انتخاب کیلئے درخواستیں طلب کر لیں

February 07, 2023

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان عوامی پارٹی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265کوئٹہIIکے ضمنی انتخاب میں پارٹی ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلیں ۔ پیر کو بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سینئر صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی سے بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سینئر صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان بلوچستان او ر ملکی سیاسی صورتحال بلخصوص قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265کوئٹہ II کے ضمنی انتخاب کے حوالے تبادلہ خیال اور مشاورت کی گئی ۔ ملاقات میں طے کیا گیا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے ٹکٹ پر ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدوار 8فروری تک پارٹی کے صوبائی صدر سردار محمد صالح بھوتانی کے پاس درخواستیں جمع کروائیں گے ۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹکٹ جاری کر نے کا حتمی فیصلہ بی اے پی کے صدر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی مشاورت سے پارٹی کا پارلیمانی بورڈکریگا۔