منشیات مقدمات کے تین ملز موں کو قید اور جرمانہ، تین بری

February 07, 2023

راولپنڈی (نمائندہ جنگ)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی عرفان اکرم نے منشیات کے تین مقدمات میں ملوث ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر مجموعی طور پر 39 ماہ قید اور 30ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی جبکہ تین ملزمان کی جانب سے دائر بریت کی درخواستیں منظور کرلی گئیں، سزا پانے والے ایک ملزم دانش جلال کو تھانہ پیرودھائی کی پولیس نے گزشتہ سال تیرہ اپریل کو حراست میں لیکر 1220گرام چرس برآمد ہونے پر مقدمہ درج کیا تھا۔ گزشتہ روز عدالت نے ملزم کو ایک سال قید دس ہزار روپے جرمانہ، تھانہ کوٹلی ستیاں میں گزشتہ سال بارہ اپریل کو درج کیس کے ملزم عابد حسین عرف سائیں عابد کوچودہ سو گرام چرس برآمدگی کے جرم میں ایک سال دو ماہ قید دس ہزار روپے جرمانہ اور اسی تھانہ میں گزشتہ سال گیارہ اپریل کو درج کیس کے ملزم نوید احمد کو 1320گرام چرس برآمدگی کے جرم میں ایک سال ایک ماہ قید اور دس ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔ دریں اثنا عدالت نے تھانہ نصیر آباد میں سات ستمبر 2021کو 1220گرام چرس برآمد گی کے ملزم اطلس خان، دس اکتوبر کو 1160 گرام چرس برآمدگی کے ملزم ثقلین محمود اور اسی تھانہ میں دس دسمبر 2021کو 1230گرام چرس برآمدگی کے ملزم سلیم خان کی طرف سے ٹھوس شواہد نہ ہونے پر دائر کی جانے والی بریت کی درخواستیں منظور کرلیں۔