اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلا عالمی معیار کا ورچوئل اسٹیڈیم لانچ کر دیا

February 07, 2023

بشکریہ ٹوئٹر

2 بار کی پی ایس ایل چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے دنیا کا پہلا عالمی معیار کا ورچوئل کرکٹ اسٹیڈیم لانچ کر کے میٹا ورس کی دنیا میں قدم رکھ دیا ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے دوران یہ اسٹیڈیم دنیا کے معروف اوپن میٹا ورس ’ڈی سینٹرا لینڈ ‘ میں ویکس سٹی کے اشتراک سے تعمیر کیا جائیگا، جو جڑواں اسٹیڈیم کے ساتھ اینڈرائیڈ صارفین کے لئے بھی دستیاب ہوگا۔

شائقین کرکٹ اس ورچوئل اسٹیڈییم کے باعث پہلی بار انٹرایکٹو تجربات کی ایک سیریز کے ذریعے اپنی پسندیدہ ٹیم کے پہلے سے کہیں زیادہ قریب تر ہوسکیں گے۔

شائقین کرکٹ نہ صرف اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے اوتاروں کے ساتھ بات چیت کرسکیں گے بلکہ لاکر روم،پلیئرز لاؤنج اور فینز کانفرنس روم کے ساتھ ساتھ اسٹیڈیم کے اندر دیگر حصوں تک بھی رسائی حاصل کرسکیں گے۔

ورچوئل کرکٹ اسٹیڈیم کا یہ منفرد تجربہ شائقین کرکٹ کو مزید انعامات جیتنے کے مواقعے بھی فراہم کرئے گا، جس کے لئے انہیں ڈیجیٹل اسپانسرز کی جانب سے پیش کئے گئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی آفیشل ڈیجیٹل کٹس، کلب کی یادگاری اور دلچسپ چیلنجز کو مکمل کرنا ہوگا۔