رشی سوناک کا کابینہ میں رد و بدل، گریگ ہینڈز کنزرویٹو چیئرمین مقرر

February 08, 2023

لندن (نیوز ڈیسک)برطانوی وزیراعظم رشی سوناک نے کابینہ میں رد و بدل کیا ہے۔ لندن سے میڈیا رپورٹ کے مطابق گریگ ہینڈز کنزرویٹو پارٹی کے نئے چیئرمین بنا دیئے گئے۔واضح رہے کہ یہ عہدہ ندیم ضحاوی کی برطرفی کے بعد خالی ہوا تھا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گرانٹ شیپس نئے سیکرٹری آف اسٹیٹ فار انرجی سیکورٹی اینڈ نیٹ زیرو ہوں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مشیل ڈونیلن سیکرٹری سائنس، اینوویشن اینڈ ٹیکنالوجی ہوں گے۔ کیمی بینڈوک نئی سیکرٹری بزنس اینڈ ٹریڈ کے ساتھ بدستور وزیر برائے امور خواتین اور مساوات بھی رہیں گی جب کہ لوسی فریزر سیکرٹری کلچر میڈیا اینڈ اسپورٹس ہوں گی۔میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے دو نئے محکمے انرجی سیکورٹی اینڈ نیٹ زیرو اور سائنس، انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی بھی بنادیئے، نئے محکمے بلز اور مہنگائی میں کمی، معیشت کی ترقی اور اچھی تنخواہ والی ملازمتیں پیدا کریں گے۔