آسٹریلوی فرم ،یوکے بیٹری اسٹارٹ اپ برٹش والٹ خریدے گی

February 08, 2023

لندن (پی اے) یوکے بیٹری اسٹارٹ اپ برٹش والٹ کو، جو گزشتہ ماہ دیوالیہ ہوگئی تھی، کو ایک آسٹریلوی فرم ریچارج انڈسٹریز نےخریدنے کی خواہش ظاہر کی ہے برٹش والٹ کو دیوالیہ ہونے کے بعد ایڈ منسٹریشن میں دے دیا گیا تھا۔ آسٹریلوی فرم ریچارج انڈسٹریز نے اسے بہت بڑی الیکٹرک کار فیکٹری میں تبدیل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ توقع ہے کہ فیکٹری کا اختیار سنبھالنے کیلئے تمام انتظامات 7دن کے اندر کرلئے جائیں گے۔ ری چارج انڈسٹریز آسٹریلیا میں الیکٹرک گاڑیوں کیلئے بیٹریز تیار کرتی ہے، برٹش والٹ کے کاروبار کی بہت کم تفصیلات معلوم ہوسکی ہیں لیکن آسٹریلوی فرم ری چارج انڈسٹریز ایک طویل المیعاد حکمت عملی کے تحت اسے 3.8 بلین پونڈ مالیت کی فالیکٹرکار فیکٹر ی میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ توقع کی جاتی ہے کہ اس میں 3,000 افراد کو روزگار ملے گا جبکہ برٹش والٹ دیوالیہ ہونے سے 200 افراد بیروزگار ہوئے تھے۔ ادارے کو مالی مشکلات کی وجہ سے کئی مرتبہ اپنی پیداوار روکنے پر مجبور ہونا پڑا تھا۔ آسٹریلوی فرم ری چارج انڈسٹریز کے بانی ڈیوڈ کولارڈ کا کہنا ہے کہ وہ کمپنی کو ایک بہت بڑی کمپنی بنانے کیلئے اب مزید انتظار نہیں کرسکتے۔ کمپنی کی ویب سائیٹ کے مطابق کمپنی 2024میں پیداوار شروع کردے گی۔ اطلاعات کے مطابق ری چارج انڈسٹریز نے کئی اداروں کے ساتھ مقابلے کے بعد برٹش والٹ خریدنے کا موقع حاصل کیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کئی برطانوی کمپنیاں اسے خریدنے کیلئے بولی دینے والوں میں شامل تھیں۔ برٹش والٹ کے دیوالیہ ہونے سے سابق وزیراعظم بورس جانسن کے شروع کردہ لیولنگ اپ پروگرام کو شدید دھچکہ لگا تھا، اس سے Blythکی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔