بجلی بحالی کے عمل میں تربیلا پاور ہاؤس 7 بار فیل ہوا، قائمہ کمیٹی میں انکشاف

February 08, 2023

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ )سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس چئیرمین کمیٹی سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاوس میں گزشتہ روز ہوا ہوا، چئیرمین کمیٹی نے ملک میں 23 جنوری کو ہونے والے بریک ڈاون کی وجوہات جاننے کیلئے سابق افسر تنویر جعفری کی سربراہی میں اعلی اور تجربہ کار افسران پر مشتمل پاور ڈویژن کی اپنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کی سفارش کرتے ہوئے وزیراعظم کی ہدایت پر بنائی گئی کمیٹی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا،کمیٹی کی وزارت توانائی کو جلد انکوائری رپورٹ کمیٹی میں پیش کرنے کی ہدایت کردی، ایڈیشنل سیکرٹری پاؤر ڈویژن نے کمیٹی کو بتایا کہ پاور ڈویژن اس معاملے پر کام کر رہا ہے، بلیک آؤٹ کی رپورٹ فی الحال حتمی نہیں ہوئی،سینیٹر فدا محمد کا کہنا تھا کہ بلیک آؤٹ کا معاملہ وفاقی وزیر یا وفاقی سیکرٹری یا ایم ڈی کی موجودگی میں سنا جائے،دو ہفتوں میں رپورٹ فائنل نہیں ہو سکی کیا یہ اتنا غیر ضروری معاملہ ہے۔سینیٹر اسد جونیجو کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے انکوائری کمیٹی کو ایک ہفتہ کا ٹائم دیا آج دو ہفتے ہو گئے لیکن انکوائری رپورٹ سامنے نہیں آئی،قائمہ کمیٹی جلد تحقیقاتی رپورٹ کو تیار کرنے کی ہدایات دے۔چئیرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ اگر پاور ڈویژن دو ہفتے میں تحقیقاتی رپورٹ تیار نہیں کر سکا تو اسکا مطلب ہے کہ کچھ چھپایا جا رہا ہے۔