سوئی گیس کمپنی کا کمپریسر لگانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا انتباہ

February 08, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) جنرل منیجرسوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ(ایس این جی پی ایل)ملتان ریجن شہزاد اقبال لون نے کہا ہے کہ صارفین کے مسائل کا فوری حل اولین ترجیح ہے‘ یہ بات انہوں نے ریجنل آفس کے لان میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ صارفین کی کمپلینٹس کا فوری ازالہ کرنے کا حکم دیا گیاہے۔افسروں ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ دفتر آنے والے سائلین کے ساتھ اخلاق کے ساتھ پیش آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ کمپریسر کے ذریعے گیس کا پریشر بڑھانے والے افراد دوسرے صارفین کا حق مارتے ہیں اور انہیں پریشان کرتے ہیں جبکہ اس سے خوفناک حادثے کا بھی اندیشہ ہوتا ہے۔ کمپریسر لگانے والے صارفین کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس سلسلے میں کسی بھی سفارش یا دباؤ کو قبول نہیں کیاجائے گا جبکہ گیس چوروں کے خلاف آپریشنز بھی جاری رہیں گے ۔ کھلی کچہری میں سائلین نے کم پریشر‘ گیس لیکج ‘گیس کنکشن کی بحالی سمیت مختلف مسائل پیش کئے جن پر جی ایم شہزاد اقبال لون نے موقع پر ہی احکامات جاری کردئیے۔اس موقع پر ڈپٹی چیف انجینئر مرزا مہتاب ‘ڈپٹی چیف انجینئر حسین ظفر‘ڈپٹی چیف بلنگ آفیسر رانا طاہر ‘ایڈمن آفیسر سیف الرحمن ‘آئی ٹی انچارج امان اللہ‘ ایڈمن آفیسر سید محمود گیلانی بھی مودجو تھے ۔