رائل میل کے قانونی چیلنج کے بعد پوسٹل ورکرز کی ہڑتال منسوخ

February 09, 2023

لندن (پی اے) رائل میل کے قانونی چیلنج کے بعد پوسٹل ورکرز اس ماہ کے آخر میں ہڑتال نہیں کریں گے۔ یہ بات کمیونی کیشن ورکرز یونین نے بتائی ہے۔ تقریباً ایک لاکھ15ہزار ورکرز نے16سے17 فروری تک واک آؤٹ کی منصوہ بندی کی تھی۔ ہڑتال تنخواہ اور شرائط کار پر جاری تنازع پر کی جانے والی تھی، تاہم یونین کے سربراہوں نے کہا ہے کہ وہ قانونی چیلنج کا مقابلہ نہیں کریں گے۔ رائل میل نے کہا ہے کہ منسوخ شدہ ہڑتالوں کا مطلب کسٹمرز کیلئے سکون ہوگا۔ ہم اس حقیقت کا خیرمقدم کرتے ہیں کہ ہڑتال کا اقدام منسوخ کردیا گیا ہے۔ اس سے ہمارے کسٹمرز کو سکون ملے گا اور ہم جو وقت مل گا اسے ڈیل پر آمادہ کرنے کے لیے مزید مذاکرات کیلئے استعمال کرسکیں گے۔ یونین نے کہا ہے کہ وہ اس ہفتے کے آخر میں دوبارہ مذاکرات میں شامل ہوگی۔ تاہم اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو یونین ہڑتال کے اقدام کو آگے بڑھائے گی۔ رائل میل کے کارکنوں نے گزشتہ سال کے اختتام پر کی ہڑتالیں کی تھیں جس سے پارسل ڈلیوریز کے لیے سال کے ایک مصروف ترین وقت پر فرم کو لاکھوں کا نقصان ہوا تھا۔ ورکرز کو جو پے ڈیل پیش کی گئی ہے اس کے بارے میں رائل میل کا کہنا ہے کہ وہ18ماہ کیلئے9فیصد اضافے کی حامل ہے، تاہم یونین نے کہا ہے کہ اس کے ارکان افراط زر کے باعث زیادہ چاہتے ہیں، یہ وہ شرح ہے جس کے تحت تقریباً40سال کے اندر قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ یونین کو شرائط کار کی رائل میل کی مجوزہ تبدیلیوں پر بھی اعتراض ہے جس میں اتوار کو لازمی کام شامل ہے۔ یونین نے کہا ہے کہ رائل میل کا قانونی چیلنج دانستہ جاری اور مربوط حملوں کی طویل فہرست میں تازہ ترین ہے، تاہم رائل میل نے دعویٰ کیا ہے کہ غلط پہلی نہیں جو یونین سے منسوب کی جائے، گزشتہ سال اکتوبر میں6روزہ ہڑتال بے قاعدگیوں کے باعث منسوخ کی گئی تھی۔