ایسٹ آف انگلینڈ ایمبولینس سروس ورکرز بھی ہڑتال میں شامل ہوگئے

February 09, 2023

لندن (پی اے) ایمبولینس ورکرز کی ہڑتالوں کا دائرہ ایک ایسے خطے تک بڑھ جائے گا جو اب تک پے اینڈ سٹافنگ کے حوالے سے تلخ تنازع میں ہڑتال کی صنعتی کارروائی میں شامل نہیں ہوا تھا۔ ایسٹ آف انگلینڈ ایمبولینس سروس میں جی ایم بی یونین کے تقریباً 1000 ارکان بشمول پیرامیڈیکس،کال ہینڈلرز اور ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز نے ہڑتال کے حق میں ووٹ دے دیا ہے۔ جی ایم بی یونین کا کہنا ہے کہ یہ واحد ایمبولینس سروس ہے، جو پے اینڈ سٹافنگ کے تنازع کے دوران اب تک ہڑتال میں شامل نہیں ہوئی۔ یونین نے کہا کہ اس کے ارکان بہتر تنخواہ کیلئے مہم چلانے کے سلسلے میں پرعزم ہیں اور وہ ہڑتالوں کے دنوں کے دوران زندگی کور کرنے کیلئے حکومت کی ظاہری کوششوں اور اقدامات پر مشتعل ہیں، جن کا مقصد ورکرز کو اپنے مطالبات کے حق ہڑتال کرنے سے روکنا ہے۔ جی ایم بی حکام اب ہڑتالوں کی ممکنہ تاریخیں طے کرنے کیلئے آئندہ دنوں میں بات چیت کریں گے۔ جی ایم بی آرگنائزر لولا میک ایوائے نے کہا کہ ایسٹ آف انگلینڈ ملک میں واحد ایمبولینس ٹرسٹ تھا، جو پے اینڈ سٹافنگ تنازع کے دوران ہڑتال پر نہیں تھا لیکن اب صورت حال بدل جائے گی کیونکہ یہ تنازع بڑھ رہا ہے اور صنعتی اقدام برطانیہ کے کونے کونے میں پھیل رہا ہے۔ سکاٹش اینڈ ویلش گورنمنٹس نے جی ایم بی کے ساتھ مثبت اور تعمیری مذاکرات کا آغار کر دیا ہے اور واک آؤٹس معطل دکھائی دیتے ہیںلیکن انگلینڈ میں منسٹرز بات نہیں سن رہے ہیں، جس کی وجہ سے این ایچ ایس ورکرز اور انگلش عوام سے دوسرے درجے کے شہریوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سادہ سی بات یہ ہے کہ اب تنخواہ پر بات کریں اور اس سال کیلئے ایک معقول آفر کریں۔ جی ایم بی یونین نے کہا کہ ہمارے اراکین اور عوام انتظار کر رہے ہیں۔ حالیہ ہفتوں میں انگلینڈ اینڈ ویلز کے بڑے حصوں میں ایمبولینس ورکرز نے ہڑتال کی ہے اور یونیسن کے اراکین کی جانب سے جمعہ کو ایک اور واک آؤٹ کا منصوبہ ہے۔ انگلینڈ میں فزیو تھراپسٹ بھی جمعرات کو ہڑتال کر رہے ہیں۔