علی احمد گوٹھ میں مبینہ زہریلی گیس سے اموات، قبر کشائی کی درخواست دائر

February 09, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ غربی ساجد علی چانگ کی عدالت میں علی احمد گوٹھ میں مبینہ زہریلی گیس سے اموات سے متعلق کیس میں تفتیشی افسر نے قبر کشائی کی درخواست دائر کردی ،مدعی مقدمہ نے قبر کشائی کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں کیا ، جبکہ عدالت نے گرفتار ملزم خیر محمد کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا،عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے کیس کا چالان طلب کیا ہے ، مقدمے میں نامزد ملزم شاہد حسین اور سعید خان کی عبوری ضمانت کی توثیق پر فیصلہ کل سنایا جائیگا ،علاوہ ازیں زہریلی گیس سے ہونے والی اموات سے متعلق مزید 10مقدمات تھانہ موچکو میں عدالتی حکم پر لواحقین سے رابطہ کرکے درج کرلئے ،تمام مقدمات میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو مدعی بنایاگیا ہے۔ مقدمات میں قتل بالسبب اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمات میں غیرقانونی طور پر قائم فیکٹریز کے مالکان کو نامزد کیا گیا،واقعات کے حوالے سے مجموعی طور پر درج مقدمات کی تعداد 11ہوگئی۔