دومحکموں کی لڑائی نے سیٹلائٹ ٹاؤن کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا، پشتونخوا میپ

February 09, 2023

کوئٹہ ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے سیٹلائٹ ٹاؤن علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام اڈہ چورنگی پر سیٹلائٹ ٹاؤن کے میونسپل سروسز کی معطلی،کیو ڈی اے، کیو ایم سی کے عوام دشمن اقدامات کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس سے پشتونخوامیپ ضلع کوئٹہ کے ڈپٹی سیکرٹری جمشید خان دوتانی ، علاقائی سیکرٹری عطاء اللہ نورزئی ،خان ودان ، انجمن تاجران بلوچستان (رحیم کاکڑ) صوبائی رابطہ سیکرٹری و صدر آل سپئرپارٹس اینڈ مستری ایسوسی ایشن محمدجان آغادرویش، آل سپئرپارٹس اینڈ مستری ایسوسی ایشن منی مارکیٹ چیئرمین محمدعلی، پشتون آباد خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی علاقائی سینئرمعاون عصمت پامیر،علاقائی سیکرٹری اطلاعات عطااللہ اچکزئی ودیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں دو ماہ سے کیو ڈی اے اور میٹروپولیٹن کے آپس کے اختلافات کی وجہ سے ایم کیو سی نے میونسپل سروسز سیٹلائٹ ٹاؤن میں معطل کردیں جس کی وجہ سے سیٹلائٹ ٹاؤن کچرے کا ڈھیر بن گیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں صفائی ہفتہ وار کی بنیاد پر ہونا چاہیے ،سیٹلائٹ ٹاون میں غیر قانونی طور پر روڈکٹنگ کو روکاجائے اور مرمت کرائی جائے ۔