صوبے بھر میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ معمول بن گئی، پشتونخوا میپ

February 09, 2023

کوئٹہ (پ ر) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات زمان خان کاکڑ نے بیان میں صوبے بھر میں کیسکو کی ناقص کارکردگی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی عدم فراہمی ، طویل لوڈشیڈنگ ، وولٹیج میں کمی بیشی معمول بن چکی ہے۔ کوئٹہ جو صوبے کا دارالخلافہ ہے اگر اس میں کیسکو کی کارکردگی کی یہ حالت ہے تو صوبے کے دور دراز علاقوں میں کارکردگی کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ کوئٹہ میں کیسکو کےتمام سب ڈویژنز اور خصوصاً سب ڈویژن میں عوام کو بجلی کی عدم فراہمی ،و ولٹیج میں کمی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی شدید مشکلات درپیش ہیں اب تو صورتحال یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ ٹرانسفارمر کی خرابی کی صورت میں کیسکو سب ڈویژنز کے تاخیری حربوں کی بدولت عوام اپنے خرچے پر ٹرانسفارمرز کو مرمت کرنے پر مجبور کر دئیے گئے ہیں اور یہ سلسلہ کافی عرصے سے جاری ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ کیسکو کوایک نظام وضع کرنا چائے اور اس کے حکام اور فیلڈ سٹاف اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے عوامی شکایات کو اہمیت دیں اور مسائل کےحل میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں ۔