عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 15 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئیں

March 20, 2023

لاہور ( نیوز ڈیسک)عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں گر کر 48ڈالر فی بیرل ہوگئیں جو 15 ماہ کے دوران تیل کی قیمتوں کی کم ترین سطح ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے تیل کی پیداوار منجمد نہ کرنے کا عندیہ دیے جانے کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 15ماہ کی کم ترین سطح پر آگئیں۔گزشتہ روز برطانوی برینٹ کروڈ کے سودے 1.73 ڈالر کی کمی سے 72.97جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس کے سودے 1.61ڈالرکی کمی کے ساتھ 66.74 ڈالر فی بیرل میں ہوئے۔عالمی سطح پر خام تیل کی قیمت گراوٹ کا شکار ہے اور برینٹ کروڈ کی قیمت میں 73 سینٹس کی کمی کے بعد 48 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔عالمی منڈی کی قیمتوں میں کمی کا اثر مقامی منڈیوں پر بھی پڑے گا جس کے باعث تیل کی قیمتوں میں پانچ سے سات روپے کمی ہوسکتی ہے۔واضح رہے کہ روس یوکرین جنگ کے باعث دنیا بھر میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا تھا تاہم اب عالمی مارکیٹ استحکام کی جانب رواں ہے۔