سجاول: ڈاکوؤں نے مردم شماری کیلئے جانیوالے اساتذہ کو لوٹ لیا

March 20, 2023

سجاول (نامہ نگار) سجاول میں مردم شماری کا عملہ عدم تحفظ کا شکار، نامعلوم ڈاکو مردم شماری کے لیے جانے والے اساتذہ سے موٹر سائیکل، موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔ انتظامیہ نے مردم شماری کے عملے کو حفاظتی اہلکار فراہم نہیں کئے۔ سجاو ل کے علاقے کوٹ عالموں میں مردم شماری کرنے والے دو اساتذہ مراد بجورو اور عبدالجبار بجورو کو نامعلوم ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا اور ایک موٹر سائیکل،دو موبائل فون اور 6 ہزار روپے نقد لوٹ کر فرار ہوگئے۔ متاثرہ اساتذہ کی جانب سے دڑو تھانے میں واقعے کی اطلاع کے بعد نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی گئی ہے۔ دوسری جانب شمار کنندگان کی جانب سے اساتذہ سے چوری کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں سیکیورٹی دی جائے اور مسروقہ موٹر سائیکلیں، نقدی اور موبائل فون واپس دلائے جائیں۔