کراچی (اسد ابن حسن) امریکی ادارے ڈپارٹمنٹ آف ہیلتھ اینڈ ہیومن سروسز آفس آف انسپیکٹر جنرل اور دیگر تحقیقاتی ایجنسیوں کی مشاورتسے امریکہ میں703ملین ڈالر یعنی200ارب پاکستانی روپے کا فراڈ کرنے والے چار پاکستانی بھگوڑے ملزمان کے ریڈ وارنٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔ تحقیقاتی ایجنسیز کو یقین ہے کہ مذکورہ ملزمان یا تو پاکستان یا پھر متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں۔ ایک ملزمہ فضا فرید کے امریکہ سے پاکستان آنے کے شواہد بھی موجود ہیں۔ موسٹ وانٹڈ ملزمان فضہ فرید، فیضان سلیم، شہریار عارف اور رکن الدین عرف Rick نے کووڈ 19 کے دوران دو برس میں اپنے لاہور اور کراچی میں قائم کال سینٹرز "ہیلو انٹرنیشنل مارکیٹنگ سولیوشن" کے ذریعے پاکستان امریکی شہریوں کی میڈیکل انشورنس کی مد میں 703 ملین ڈالرز کے کلیم داخل کر کے 418 ملین ڈالر وصول کر لیے اور ان کال سینٹرز کا نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو "علم" ہی نہیں ہو سکا۔