کراچی(نمائندہ خصوصی) ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے ایف اینڈ ایف پلازہ، آبپارہ میں واقع متعدد کنسلٹنسی اور کورئیر دفاتر پر چھاپہ مارا اور جعلی اپوسٹل اسٹیکرز، سرکاری مہروں اور دستاویزات کی تیاری، ترسیل اور استعمال کے بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے 16 ملزمان کو گرفتار کیا اور ان سمیت 22 ملزمان کےخلاف مقدمہ نمبر 48/2026 درج کر لیا۔ وزارت خارجہ کے چھ اہلکاروں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ کنسلٹنسی اور کورئیر اداروں کے مالکان اور ملازمین اس دھندے میں ملوث تھے۔ ملزمان اپوسٹل اور تصدیقی خدمات کو تیز کروانے کے نام پر درخواست گزاروں سے بھاری رقوم وصول کرتے تھے اور اس میں وزارتِ خارجہ کے افسران کو رشوت دی جاتی تھی۔