چترالی سیاحت کیلئے مائیکروٹورازم پروموشن پروگرام کا انعقاد

March 21, 2023

پشاور ( وقائع نگار ) خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی، قشقارٹورازم اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے باہمی اشتراک سے ایک روزہ مائیکرو ٹورازم پروموشن و کلچرل پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔جس میں چترال کی مصنوعات کی نمائش، سیاحت کے حوالے سے سیمینار، مشاعرہ اور چترالی ثقافت سے متعلق شو شامل تھا۔ نمائش کا باقاعدہ افتتاح نگراں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ملک مہر الہٰی تھے ۔ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر اینڈفنانس خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی خورشید عالم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کلچرریاض خان، ایڈیشنل کمشنر پشاور سیدکاظم شاہ، اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان پشاور مس رفعت، صدر جیمز سٹونز پاکستان منہاج باچا، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے سرتاج احمد خان، صدر چترالی بازار پشاور عبدالرزاق سمیت دیگر معززین اور شخصیات موجود تھیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ملک مہرالہٰی کا کہناتھا کہ چترال میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اپنی بھرپور کوشش کریں گے اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور گورنر خیبرپختونخوا کیساتھ مل کرحائل رکاوٹیں دور کرنے کی بھرپورکوشش کی جائینگی۔ تقریب میں شریک شرکاء نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا ۔سیمینار میں مختلف شعبہ بائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مقررین نے چترال میں ٹورازم کے فروغ کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔تقریب کے آخر میں چترالی ثقافت سے متعلق محفل موسیقی کا بھی انعقاد کیاگیا