• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھائی اور بھابھی قتل کیس میں نامزد ملزم کو 2بار سزائے موت، 5 لاکھ جرمانہ

پشاور(نیوز رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اکبر علی نے زبانی تکرار پر بھائی اور بھابھی کے قتل کیس میں نامزد ملزم کو جرم ثابت ہونے پر 2بار سزائے موت اور 5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا بھی سنادی ہے۔ مقدمے کی سماعت کے دوران مدعی فرحان کی جانب سے کیس کی پیروی محمد سریر خان ، سعید اللہ خان اور تسبیح اللہ خان ایڈوکیٹس نے کی۔ دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم آفتاب نے زبانی تکرار پر گھر کے اندر فائرنگ کی جس سے ملزم کے بھائی اختر زیب اور ان کی حاملہ اہلیہ موقع پر جاں بحق ہوئیں۔ واقعہ 14 اگست 2022 کو تھانہ پڑانگ کی حدود میں پیش آیا تھا جس کے بعد پولیس نے ملزم کو حراست میں لیکرتفتیش شروع کی ۔ پولیس نے تفتیش مکمل ہونے کے بعد ملزم کے خلاف ٹرائل شروع کیا ۔ ٹرائل کے دوران مدعی کے وکلاءنے دلائل دیئے کہ تمام شہادتیں ملزم کے خلاف جارہی ہیں جو مقدمے میں براہ راست نامزد ہے ،ملزم کسی قسم کے رعایت کا مستحق نہیں لہذا ٹھوس شواہد کی بنا ءپر ملزم کوسخت سزا دی جائے ،دوسری جانب وکیل صفائی نے ملزم کو بری کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم کو 2بار سزائے موت اورپانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی سنادیا ہے ۔
پشاور سے مزید