• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھانہ ماڑی، 16سال قبل نوجوان کی بوری بند نعش کا معمہ حل،ملزم گرفتار

پشاور (کرائم رپورٹر)تھانہ بھانہ ماڑی کے علاقہ لنڈی ارباب میں برساتی نالے سے 16سال قبل ملنے والی الیکٹریشن کی بوری بند نعش کا معمہ حل ہو گیا، مقتول عادل خان کو مستورات تنازعہ پر چھری کے وار اور گولی مارکرقتل کیا گیا، پولیس نے ملزم کو سول کوارٹرزپشاورسے گرفتار کر لیاجس کےخلاف ایف آئی آر میں جرم چھپانے اورثبوت مٹانے کی پاداش میں 201اور202 کے دفعات بھی شامل کردیئے گئے۔تھانہ بھانہ ماڑی کے تفتیشی افسر سب انسپکٹر ولی خان کے مطابق قتل الزام میں ملزم منظور شاہ سکنہ لنڈی ارباب پشاورکو گرفتار کرلیا،ملزم پیشے کے لحاظ سے گاڑیوں کا ڈینٹر ہے جبکہ16سالہ مقتول عادل خان الیکٹریشن تھا جو گھروں میں بجلی کا کام اور ملزم کادوست تھا۔گرفتاری کے بعد ملزم نے دوران تفتیش سنسنی خیز انکشافات کیے۔ اس نے پولیس کو بتایاکہ وقوعہ کے روز اس نے مقتول عادل خان کوگھر پر کام کیلئے بلایا اور خود صدرچلا گیا۔ رات کوگھر واپس آیا توکمرے میں عادل کی نعش پڑی تھی۔ملزم کابیان ہے کہ اس نے قتل نہیں کیا بلکہ اس کی والدہ نے اسے پہلے چھری اور بعد میں بندوق سے گولی ماری ۔ مقتول کو والدہ نے شک کی بناءپر قتل کیا۔تفتیشی ٹیم کا کہناہے کہ ملزم نے والدہ اور بہن کے ہمراہ نعش کو کپڑوں میں ڈھانپ کر رات کی تاریکی میں گھر کے قریب برساتی نالے میں پھینک دیا تاکہ واقعہ چھپایا جا سکے۔ اگلی صبح مقامی افراد نے لاش دیکھ کر مقتول کے ورثاءکو اطلاع دی،ملزم کے مطابق وہ جنازے اور تدفین میں بھی شریک رہا ۔ پولیس کے مطابق ملزم کے روپوش ہونے کے بعد اس کا گھر مسمار جبکہ سامان بھی غائب ہوگیا تھا ۔پولیس کاکہناہے کہ بقول ملزم اس کی والدہ 10یا11 سال قبل جبکہ دو سال قبل ہمشیرہ بھی حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئی ہیں۔ ملزم سے تفتیش مکمل ہونے پر اسے جیل منتقل کردیاگیاہے۔
پشاور سے مزید