پشاور (کرائم رپورٹر) پشاور کے شعبہ بازار سے 10لاکھ تاوان کیلئے جواں سالہ لڑکے کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا جبکہ رقم کی عدم ادائیگی پر انہیں قتل کرنے کی دھمکیاں بھی دیدیں۔ تھانہ شرقی پولیس کو محمد اعجاز ساکن کاکشال نے بتایاکہ اس کا 17سالہ بیٹا عبدالرحمان شعبہ بازار میں مستری کی دکان میں کام کرتا ہے، وہ اسے موٹرسائیکل پر شعبہ بازار چھوڑ کر چلا گیا تاہم بعد میں عبدالرحمان کے استاد نے فون کی کہ وہ آج دکان نہیں آیا۔ جب اس نے بیٹے کے موبائل فون پر کال کی تو ایک نامعلوم شخص نے فون اٹھایا اوربتایاکہ اگر بیٹے کو زندہ دیکھنا چاہتے ہو تو دس لاکھ روپے کا فوری بندوبست کرو جبکہ بیٹے نے بھی بات کی کہ اسے رقم نہ دینے پرقتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ہماری کسی کیساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے۔ پولیس نے اغواء برائے تاوان کے تحت مقدمہ درج کرکے لڑکے کی بازیابی کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔