پارٹی رہنماؤں پر حملہ قابل مذمت، ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے، بلوچ وطن پارٹی

March 23, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچ وطن پارٹی کے مرکزی کونسل کے ممبران محمد مبشر بلوچ ، حیدر رئیسانی ، لالا عظیم جان رئیسانی ، سردار محمد حنیف مری و دیگر نے پارٹی کے قبائلی امور و سنٹرل کونسل کے سربراہ و ممبران پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ امن و امان کو خراب کرنے کی سازش ہے ،یہ بات انہوں نے بدھ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ،انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پارٹی کی سنٹرل کونسل کے سربراہ حیدر رئیسانی ، قبائلی امور کے سربراہ لالا حضور بخش رئیسانی سینٹرل کونسل کے دیگر ممبران نے زمین کے ایک تنازعہ کی بابت سردار کمال خان بنگلزئی سے ملاقات کی جو ایک خونی تنازعہ تک پہنچ چکا تھا اور مزید خرابی کی طرف جارہا تھا ، بلوچ وطن پارٹی نے اپنا فریضہ سمجھتے ہوئے اسے تنازعے کو پرامن طور پر قبائلی رسم و رواج کے ذریعے حل کرنے کی ابتدا کی تاکہ بلوچ قوم کو مذید آپس میں کشت خون سے روکا جاسکے اس سلسلے میں ثالث کے اختیارات تمام فریقین کی جانب سے سردار کمال خان کو دیا گیا اور بلوچ وطن پارٹی اس سلسلے میں مثبت کردار ادا کررہی ہے لیکن اس عمل کو سبوتاژ کرنے کیلئے بعض افراد اپنی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ذمہ دار گزشتہ روز بنگلزئی ہاؤس سے نکل کر جیسے ہی سریاب روڈ پر پہنچے تو ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جس میں ہماری پارٹی کے ذمہ دار معجزانہ طور پر محفوظ رہے اس واقعہ کا مقدمہ سریاب پولیس تھانہ میں درج کرادیا گیا ہے امید ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پریس کانفرنس کا مقصد بلوچ قوم کو آگاہ کرنا ہے کہ کس طر ح بلوچی روایات کو پامال کیا جارہا ہے ، بلوچی روایات میں خیر خواہوں پر حملہ نہیں کیا جاتا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچ وطن پارٹی پرامن بلوچ قوم پرست سیاسی جماعت ہے جس میں تمام بلوچ قبائل کے سیاسی کارکن شامل ہیں پارٹی کے آئین و منشور میں تمام بلوچ قبائل کے درمیان دشمنیاں اور رنجشوں کو قبائلی رسم ورواج کے مطابق حل کرنے کی کوششوں کو محلوظ خاطر رکھا گیا ہے تاکہ بلوچ قبائل کی آپس کی رنجشوں سے بلوچ سماج کو مزید نقصان نہ ہو اور ایک متحد قوم کی صورت میں بلوچ قوم اپنی سیاسی اور سماجی مشکلات کا مقابلہ کرسکیں بلوچ وطن پارٹی اپنے ہر کارکن کے دفاع کا حق محفوظ رکھتی ہے چائے اس کیلئے کتنی بھی بڑی قربانی دینی کیوں ہی نہ پڑے پارٹی شدید الفاظ میں ایسے عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو بتاناچاہتی ہے کہ وہاپنے انجام کو ضرور پہنچیں گے ۔